تعجیل ظہور کے لئے دعا کیوں؟

حضرت صاحب العصر(عج) کے ظہور کے لئے دعا کرنے کے جہاں بہت سے دیگر فوائد و برکات ہیں ان میں سے ایک اہم برکت اور فائدہ یہ بھی ہے کہ خود مولا صاحب الزمان(عج) بھی اس شخص مؤمن کے لئے دعا کرتے ہیں اور یہ ہمارا عقیدہ ہے کہ مولا کی دعا کبھی رد نہیں ہوسکتی۔

ولایت پورٹل: حضرت امام زمانہ(عج) کے ظہور کی تعجیل کے لئے دعا کرنا اللہ کے حکم کی اطاعت اور رسول اکرم(ص) اور اہل بیت(ع) کی پیروی ہے اور ساتھ ہی حضرت کے ظہور کی تعجیل کے لئے دعا کرنے کے بہت سے فوائد و آثار ہیں جن میں سے ہم کچھ کا تذکرہ ذیل میں کررہے ہیں:
1۔ امام زمانہ(عج) کے ظہور میں تعجیل کی دعا کرنا اس بات کی علامت ہے کہ ہم آپ سے کتنی محبت کرتے ہیں اور نتیجہ میں ہمارا ایمان اور یقین مزید مستحکم ہوجاتا ہے۔
2۔حضرت کے ظہور کی دعا درحقیقت مؤمنین کی مشکلات کو دور کرنے کی دعا ہے چنانچہ خود مولا صاحب العصر(عج) نے اپنی توقیع میں اس نکتہ کی طرف اشارہ فرمایا کہ:’’میرے ظہور میں تعجیل کے لئے دعا  کیا کرو کہ میرا ظہور تمہارے لئے بہت پُر برکت اور فائدہ مند ہے اور اس سے تمہارے امور میں گسائش و آسانیاں پیدا ہونگی۔(1)
3۔نعمتوں میں اضافہ۔ چونکہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا ۔۔۔ خاص طور پر امام زمانہ(عج) کی نعمت ولایت کا ۔۔۔۔۔ نعمتوں میں اضافہ کا سبب ہے نیز حقیقی شکر گناہوں سے دوری اور اللہ سے قریب ہونے کا ذریعہ ہوتا ہے چونکہ یہ امر مسلم ہے جو شخص حضرت کے ظہور کی تعجیل کے لئے دعا کرتا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کا دل پاک ہے اور وہ پورے وجود کے ساتھ اپنے مولا کا احترام کررہا ہے اور آپ کے وجود مبارک کا شکریہ ادا کررہا ہے۔
4۔ امام عصر(عج) کے ظہور کے لئے دعا کرنا گویا ایک مؤمن اپنے مولا کے حضور تجدید بیعت کررہا ہے اور اس کی بیعت کا مطلب اس کا دیندار رہنا اور اپنے مال اور جان سے مولا کی نصرت و حمایت کرنے کا عزم مصمم ہے۔
5۔ امام زمانہ(عج) کے لئے مسلسل دعا کرنا اور آپ کے ظہور کے لئے دعا کرنے سے حقیقی انتظار کرنے والوں کے دل میں امام غائب کی یاد زندہ ہوتی ہے۔اور امر امامت کو زندہ رکھنا بہت ضروری ہے ۔ عقل و شرع دونوں اس کی تأکید و تأئید کرتے ہیں۔
6۔حق کی ادائگی: امام زمانہ(عج) کے ہماری گردنوں پر بہت سے حقوق ہیں اور حضرت کے ظہور کے لئے دعا کرنے سے ان میں سے کچھ حقوق کی ادائیگی ضرور ہوجاتی ہے۔(2)
7۔ حضرت صاحب العصر(عج) کے ظہور کے لئے دعا کرنے کے جہاں بہت سے دیگر فوائد و برکات ہیں ان میں سے ایک اہم برکت اور فائدہ یہ بھی ہے کہ خود مولا صاحب الزمان(عج) بھی اس شخص مؤمن کے لئے دعا کرتے ہیں۔(3) اور یہ ہمارا عقیدہ ہے کہ مولا کی دعا کبھی رد نہیں ہوسکتی۔
8۔ دعا کا ایک عام فائدہ یہ ہے کہ اس سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے اور آئمہ اطہار(ع) اللہ کے قرب اور اس کی نزدیکی کا بہترین ذریعہ ہیں۔
9۔ امام زمانہ(عج) کے ظہور کے لئے دعا کرنے کا ایک اثر یہ بھی ہوتا ہے کہ دعا کرنے والے کا قلب نورانی ہوجاتا ہے اور انسان خورشید ولایت سے کسب نور کرتا ہے۔(4)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حوالہ جات:
1۔کمال الدين، ج 3، ص 685۔
2۔رجوع کیجئے: کافى، ج 2، ص 172 ؛ بحارالانوار، ج 72، ص 226...
3۔رجوع کیجئے:مهج الدعوات، ص 302۔
4۔کافى، ج 1، ص 194...


0
شیئر کیجئے:
ہمیں فالو کریں
تازہ ترین