Code : 1598 29 Hit

امام زمانہ(عج) کی رسول اللہ(ص) سے شباہت

پیغمبر اکرم(ص) نے ارشاد فرمایا:’’مہدی میری اولاد میں سے ہیں ان کا نام میرے نام پر اور ان کی کنیت میری کنیت پر ہوگی اور وہ روئے زمین پر سارے لوگوں کے درمیان اخلاق و خلقت کے اعتبار سے مجھ سے سب سے زیادہ مشابہ ہونگے‘‘۔

ولایت پورٹل: شیعہ اور اہل سنت کی معتبر ترین کتابوں میں تواتر کے ساتھ یہ مضمون ملتا ہے کہ حضرت مہدی(عج) اور رسول خدا(ص) کے نام اور کنیت ایک ہے اور خود دعائے عہد میں بھی یہ فراز نقل ہوا ہے:’’ الْمُسَمّی بِاسْمِ رَسُولِک‘‘۔ وہ کہ جو تیرے رسول کا ہمنام ہے۔ یعنی آپ کا اسم مبارک محمد،کنیت ابوالقاسم اور لقب مہدی ہے اور آپ روئے زمین پر سب سے زیادہ اللہ کے رسول(ص) سے مشابہت رکھتے ہیں اور آپ ہی کے دست حق پرست سے اللہ دنیا کو مشرق سے مغرب تک فتح کرے گا۔
صحاح ستہ،سنن اور مسانید کے مؤلفین نے مختلف انداز و الفاظ میں رسول خدا(ص) سے یہ نقل کیا ہے:’’آخری زمانے میں میری اولاد اور اہل بیت(ع) سے ایک ایسا مرد جو میرا ہمنام و ہم کنیت ہوگا ظہور کرے گا اور دنیا کو عدل و انصاف سے اس طرح بھر دے گا جس طرح وہ ظلم سے بھری ہوگی۔
ترمذی اپنی اسناد کے ساتھ رسول اللہ(ص) سے نقل کرتے ہیں:’’ لاتذهب الدنیا حتی یملک العرب (الأرض) رجل من أهل بیتی یواطئ اسمه اسمی‘‘۔ دنیا کا اس وقت تک خاتمہ نہیں ہوگا جب تک میرے اہل بیت میں سے میرا ہم نام روئے زمین کا حاکم نہ بن جائے۔
علامہ مجلسی سند کا ذکر کرتے ہوئے جابر بن عبداللہ انصاری سے نقل کرتے ہیں کہ پیغمبر اکرم(ص) نے ارشاد فرمایا:’’ المهدی من ولدی، اسمه اسمی و کنیته کنیتی أشبه الناس بی خلقاً و خلقاً...‘‘۔
مہدی میری اولاد میں سے ہیں ان کا نام  میرے نام پر اور ان کی کنیت میری کنیت پر ہوگی اور وہ روئے زمین پر سارے لوگوں کے درمیان اخلاق و خلقت کے اعتبار سے مجھ سے سب سے زیادہ مشابہ ہونگے۔
 


0
شیئر کیجئے:
फॉलो अस
नवीनतम