ولایت پورٹل: قارئین کرام! پیغمبر اکرم(ص) کی اپنی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت سے کون واقف نہیں ہے!
آیت تظہیر نازل ہونے کے ۶ مہینہ تک پیغمبر اکرم(ص) کا حضرت فاطمہ(س) کی چوکھٹ پر آکر سلام کرنا کسے یاد نہیں!
شہزادی کونین(س) کے بزم میں آتے ہیں سرکار کا اپنی جگہ سے اٹھ جانا اور پیشانی مقدسہ کا بوسہ لیکر اپنی جگہ بٹھانا کسے معلوم نہیں!
یہ مشہور حدیث: فاطمہ(س) میرا ٹکڑا ہے جس نے انھیں تکلیف پہونچائی اس نے مجھے تکلیف پہونچائی کس نے نہیں سنی!
فرشتوں کا ان کی چوکھٹ پر مسکین، یتیم اور اسیر بن کر آنے سے کون واقف نہیں!
جبرئیل امین کا آپ کے گھر کی چکی چلانا کس کو نہیں معلوم!
پیغمبر اکرم(ص) کے ذریعہ شہزادی کونین(س) کو جنت کی عورتوں کی سردار قرار دیئے جانے والی حدیث کس نے نہیں سنی!
جنت کے جوانوں کے سرداروں کی ماں ہونے کا شرف آپ(س) کے علاوہ کسی کو نہیں ملا ۔ یہ کون نہیں جانتا!
اتنی سب عظمتیں اور فضائل سننے اور پڑھنے کے بعد عقل یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتی ہے کہ آخر اس گھرانے سے کیسی دشمنی تھی جس کے سبب حضرت زہرا(س) کو اپنے بابا کو یاد کرکے یہ مرثیہ پڑھنا پڑا: اے بابا آپ کے بعد ایسی مصیبتیں پڑیں کہ اگر روشن دنوں پر پڑجاتیں تو وہ اندھیری راتوں میں تبدیل ہوجاتے!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جس چوکھٹ پر پیغمبر اکرم(ص) سلام کرنے آتے رہے لوگ اس چوکھٹ پر آگ اور لکڑیاں لیکر اس گھر کو جلانے کے لئے جمع ہوگئے !
آخر مدینہ والوں کی یہ کیسی دشمنی تھی کہ اگر وہ اپنے بابا کو یاد کرکے روتیں تو لوگ امام علی(ع) سے شکایت کرنے کے لئے اکھٹا ہوجاتے !
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ حضرت زہرا (س) کو اپنا حق مانگنے دربار جانا پڑا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ وہ حضرت فاطمہ زہرا(س) جن کی طہارت کی گواہی قرآن مجید نے دی لوگ اس کی گواہی قبول کرنے سے انکار کررہے تھے!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ انھیں کا حق انھیں کو دینے سے انکار کردیا گیا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جس زہرا مرضیہ(س) کے پاک بطن سے دو معصوم امام پیدا ہوئے اسی کے بطن میں اس کے بیٹے کو شہید کردیا گیا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جس زہرا مرضیہ(س) کے احترام میں رسول اللہ(ص) اپنی مسند چھوڑ کر کھڑے ہوجایا کرتے تھے اس کے شوہر کے گلے میں رسی ڈال کر گھر سے کھینچ کر لے جایا گیا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جس گھر کے رہنے والوں پر رسول اللہ(ص) سلام بھیجتے تھے مدینہ والوں نے اسی گھر کے باشندوں کے سلام کا جواب دینا بھی بند کردیا تھا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ حضرت زہرا(س) کے منع کرنے کے باوجود گھر کا دروازہ جلا کر اسی کے پہلو پر گرا دیا گیا!
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جنت کی عورتوں کی سردار کی پسلیاں توڑ دی گئیں !
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حد تو یہ ہے کہ آج تک پیغمبر اکرم(ص) اسی چہیتی بیٹی کی قبر ویران ہے!
قارئین! اگر شمار کیا جائے تو اس طرح کے سوالوں کی پوری کتاب تیار ہوسکتی ہے اور ایسا ظلم کرنے والوں میں سے کسی ایک کے پاس بھی کوئی وجہ اور کوئی دلیل نہیں ہے تو پھر یہی سچ ہے کہ پیغمبر اکرم(ص) کی آل اور ان کے گھرانے کو اللہ کی طرف سے دی گئی فضیلتیں اور عظمتیں اور اہل بیت اطہار(ع) کے ذریعہ ہمیشہ حق و انصاف اور عدالت کا ساتھ دینے اور مظلوموں کی مدد کرنے سے انسانی صورت میں موجود شیطانوں نے اپنے حسد ، غرور،دنیا کی لالچ اور اسی طرح کی سینکڑوں روحانی بیماری کے سبب اہل بیت(ع) سے نہ صرف دشمنی کی بلکہ ان کی توہین و تحقیر کرنے کی ناکام کوشیشیں کی اور جب وہ اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکے تو انھیں شہید کردیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریر: سید محمد مہدی رضوی
حضرت فاطمہ(س) سے عداوت کیوں؟
آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جس گھر کے رہنے والوں پر رسول اللہ(ص) سلام بھیجتے تھے مدینہ والوں نے اسی گھر کے باشندوں کے سلام کا جواب دینا بھی بند کردیا تھا!آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ حضرت زہرا(س) کے منع کرنے کے باوجود گھر کا دروازہ جلا کر اسی کے پہلو پر گرا دیا گیا!آخر یہ کیسی دشمنی تھی کہ جنت کی عورتوں کی سردار کی پسلیاں توڑ دی گئیں !

wilayat.com/p/3031
متعلقہ مواد
ہمیں فالو کریں
تازہ ترین