Code : 1553 34 Hit

انہدام جنت البقیع ایک تاریخی المیہ(4)

بلا شک و تردید یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ انبیائے کرام اور آئمہ معصومین علیہم السلام کی شان و منزلت ان نیک اور صالح جوانوں (اصحاب کہف) سے بھی زیادہ بلند و بالا ہے۔ جب اصحاب کہف کی قبروں کے پاس نماز جائز ہو سکتی ہے اور اس پر عمارت تعمیر ہو سکتی ہے تو انبیاء اور آئمہ معصومین علیہم السلام کے قبور مطہرہ پر بدرجۂ اولیٰ عمارت تعمیر ہو سکتی ہے اور اسے مسجد و عبادت گاہ بنایا جاسکتا ہے۔

                                                                 قبروں پر تعمیر کاشرعی حکم
ولایت پورٹل: پیغمبر اسلام(ص) کے دور سے لے کر ابن تیمیہ (متوفی ۷۰۸ھ) اور ان کے شاگرد ابن قیم (متوفی ۷۵۱ھ)تک تقریباً سات سو پچاس برس ہو گئے تھے اور اس پوری مدت میں مسلمانوں کے درمیان ان کے شرعی مسائل میں قبروں پر عمارت تعمیر کرنے کے نام پر کسی طرح کا اختلاف، جھگڑا، بحث اور جذبات کو بھڑکانے یا انہیں نظرانداز کرنے کی بات نہیں تھی یہاں تک کہ ابن تیمیہ نے اپنے دور میں قبروں پر عمارت تعمیر کرنے کے عدم جواز کا فتویٰ دے دیا۔
اس نے یہ اعلان کیا کہ آئمہ اسلام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ قبروں پر روضے تعمیر کرنا جائز نہیں ہے اور انہیں مسجد قرار دینا یا وہاں نماز ادا کرنا شرعی نہیں ہے اس کے بعد ابن قیم جوزی کا دور آیا۔ اس نے اس سے آگے بھی بیان دیا اور کہا کہ قبروں پر جو روضے بنے ہیں ان کا گرانا واجب ہے اور ان کے گرانے اور انہیں ختم کرنے پر قدرت حاصل ہوجانے کے بعد ایک دن کے لئے بھی ان کا باقی رکھنا جائز نہیں ہے۔
اس کے بعد محمد ابن عبد الوہاب (متوفی ۱۲۰۶ھ)آیا اور اس نے مذہب و فقہ میں سختی اور زبردستی کو داخل کیا جس کی بنیاد دوسروں کو کافر ثابت کرنے، ان پر شرک کا الزام لگا کر ان کا خون مباح کرنے، ان کی آل و اولاد کو اسیر کرنے جیسی سزائیں معین کیں ہر اس شخص کے لئے جو اس کی نظر میں تکفیر کے اسباب میں سے کسی سبب کا مرتکب ہو۔ یہاں تک کہ اس نے یہ سزائیں ان افراد تک کے لئے بھی معین کیں جو دوسروں کو کافر قرار دینے کے نظرئیے میں ذرہ برابر بھی اس کی مخالفت کرتے ہوں۔
درعیہ کے حاکم سعود کی حمایت نے محمد ابن عبد الوہاب کے افکار و نظریات کی نشر و اشاعت اور اس کے اتبدائی اقتدار کو ہماہنگ کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں اس نے مختلف مناطق پر حملہ کرکے اپنے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کی بھرپور کوشش کی۔
اس وقت سے لے کر آج تک قبروں پر روضے تعمیر کرنے کا مسئلہ وہابیوں کی جانب سے تمام مسلمانوں پر طنز و تشنیع کے لئے سب سے نمایاں اور اہم سبب بن گیا۔ قبروں پر عمارتوں کی تعمیر کے نظریہ کی مخالفت کو ایسی تلوار قرار دیا گیا جو کفر اور شرک کا اتہام ثابت کرنے کے لئے استعمال ہو۔اس کے نتیجے میں مسلمانوں میں شدید اختلاف پیدا ہوا اور اتحاد اسلامی جیسی عظیم نعمت خطرہ میں پڑ گئی۔
اس مسئلہ کی اہمیت اور اس سلسلہ میں شدید حساسیت کی بنا پر ضرورت محسوس ہوئی کہ اس موضوع کا مختلف اعتبارات سے مطالعہ کیا جائے اور پھر اس سلسلہ میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے۔ اس بحث سے ہمارا مقصد صرف حقیقت کو بیان کرنا ہے تاکہ مسلمانوں میں آپسی اختلافات اور اس کے سنگین نتائج کے خطرہ کو کم کرکے ان میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کی جائے اور ایک دوسرے کو کافر قرار دینے کے غلط نتائج سے بچکر  ان کی دیرینہ عظمت و شوکت کو واپس لایا جائے۔
قبروں کی تعمیر اور انکے احترام کا مسئلہ قرآن کی روشنی میں
جب ہم نے قرآن مجید کی بارگاہ میں حاضر ہوکر اس مسئلہ کے بارے میں قرآنی نظریہ سے واقف ہونے کی کوشش کی تو بہت سی آیات ایسی دکھائی دیں جو اس مسئلہ میں قرآنی موقف کی جانب واضح اشارہ کرتی ہوئی نظر آئیں جیسے خداوند عالم کا ارشاد ہے:’’وَكَذٰلِكَ اَعْثَرْنَا عَلَيْہِمْ لِيَعْلَمُوْٓا اَنَّ وَعْدَ اللہِ حَقٌّ وَّاَنَّ السَّاعَۃَ لَا رَيْبَ فِيْہَا،اِذْ يَتَنَازَعُوْنَ بَيْنَہُمْ اَمْرَہُمْ فَقَالُوا ابْنُوْا عَلَيْہِمْ بُنْيَانًا، رَبُّہُمْ اَعْلَمُ بِہِمْ، قَالَ الَّذِيْنَ غَلَبُوْا عَلٰٓي اَمْرِہِمْ لَنَتَّخِذَنَّ عَلَيْہِمْ مَّسْجِدًا‘‘۔(سورۂ کہف:۲۱)
’’اور اس طرح ہم نے قوم کو ان کے حالات پر مطلع کردیا تاکہ انہیں معلوم ہوجائے کہ اللہ کا وعدہ سچاّ ہے اور قیامت میں کسی طرح کا شبہ نہیں ہے جب یہ لوگ آپس میں ان کے بارے میں جھگڑا کررہے تھے اور یہ طے کررہے تھے کہ ان کے غار پر ایک عمارت بنادی جائے۔خدا ان کے بارے میں بہتر جانتا ہے اور جو لوگ دوسروں کی رائے پر غالب آئے انہوں نے کہا کہ ہم ان پر مسجد بنائیں گے‘‘۔
اس آیت سے استدلال کی کیفیت یہ ہے کہ اس میں اصحاب کہف کے قصہ کی طرف اشارہ کیا گیا جب ان کے حالات اور ان کی جگہ سے لوگ واقف ہوئے تو ان میں سے بعض نے کہا کہ ہم اس پر عمارت بنائیں گے اور بعض نے کہا کہ ہم اس پر مسجد بنائیں گے۔ آیت کا سیاق (تسلسل) ثابت کرتا ہے کہ پہلی والی گفتگو یعنی عمارت بنانے کا نظریہ کفار کا تھا اور دوسری گفتگو توحید پرستوں سے متعلق تھی اور آیت نے بلا کسی ناپسندیدگی اور انکار کے دونوں نظرئیے اور اقوال پیش کئے۔ اگر ان دونوں نظریوں میں ذرہ برابرکوئی بھی غلط اور باطل چیز ہوتی تو آیۂ کریمہ میں اس کی طرف اشارہ کیا جاتا اور کسی بھی قرینہ سے اس کے باطل ہونے کو ثابت کیا جاتا۔قرآن مجید کی آیت میں دونوں اقوال کی تائید اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ شریعت اسلامی میں یہ دونوں اقوال اور نظریات قابل قبول ہیں بلکہ آیت میں توحید پرستوں کے اقوال کو جس سیاق میں پیش کیا گیا ہے اس سے اس فعل کی مدح و ثنا کی کیفیت کو بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ مشرکین کے قول میں بظاہر شک و شبہ پایا جاتا ہے جب کہ توحید پرستوں کے یہاں یقین اور قاطعیت سے ’’لنتخذن‘‘ (ہم ضرور بنائیں گے) ان کی ایمانی بصیرت کی ترجمانی ہے۔ وہ لوگ صرف عمارت بنانا نہیں چاہتے بلکہ مسجد بنانا چاہتے ہیں۔ اسی سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ وہ افراد تھے جو خدا کی معرفت رکھتے تھے اور اس کی عبادت اور اس کی قربت کے لئے نماز کے قائل تھے۔
فخر رازی ’’لنتخذن علیہ مسجداً‘‘ (ہم اس پر مسجد بنائیں گے)کی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ ہم اس پر اللہ کی عبادت کریں گے اور اس مسجد کے وسیلے سے اصحاب کہف کے آثار کو باقی رکھیں گے۔
شوکانی کا کہنا ہے کہ مسجد قرار دینے کے قول سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ لوگ مسلمان تھے جب کہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ لوگ مذکورہ قوم کے حکام و سلاطین تھے اور وہ لوگ اپنے مخالفین پر غالب آئے تھے۔ پہلا والانظریہ زیادہ بہتر ہے۔
زجاجی کا بیان ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب اصحاب کہف کے واقعہ کی حقیقت سامنے آئی۔اس وقت مؤمنین کو غلبہ حاصل ہوچکا تھا۔ اس لئے کہ مسجدیں مؤمنوں سے مخصوص ہوتی ہیں۔
یہاں پر اگر صرف ہم ہوں اور آیۂ کریمہ تو اس سے یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ آیۂ کریمہ  ان نیک اور صالح ذوات مقدسہ کی قبروں پر تعمیر اور مسجد کو روا بلکہ قابل مدح سمجھتی ہے جن کا مرتبہ اور شان بلند و بالا ہو اس لئے کہ وہ قرآن کریم کی خاص توجہ اور اس کی مدح و ثنا کا مرکز قرار پائے ہیں اور کتاب خدا میں ان کے ذکر سے یہ نتیجہ نکالاجاسکتا ہے کہ ان کی قبروں کے پاس نماز جائز ہے اور اس پر مساجد اور روضے تعمیر ہو سکتے ہیں۔
بلا شک و تردید یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ انبیائے کرام اور آئمہ معصومین علیہم السلام کی شان و منزلت ان نیک اور صالح جوانوں (اصحاب کہف) سے بھی زیادہ بلند و بالا ہے۔ جب اصحاب کہف کی قبروں کے پاس نماز جائز ہو سکتی ہے اور اس پر عمارت تعمیر ہو سکتی ہے تو انبیاء اور آئمہ معصومین علیہم السلام کے قبور مطہرہ پر بدرجۂ اولیٰ عمارت تعمیر ہو سکتی ہے اور اسے مسجد و عبادت گاہ بنایا جاسکتا ہے۔
جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحریر: سید حمید الحسن زیدی
٦شوال١۴۴۰مطابق١۰جون۲۰١۹


0
شیئر کیجئے:
फॉलो अस
नवीनतम