خوشبوئے حیات

یہ کتاب ’’خوشبوئے حیات ‘‘اہل بیت(ع) کی سیرت کا مجموعہ، فاضل نبیل، عالم جلیل حجۃ الاسلام آقای باقر شریف قرشی دام ظلہ کی عربی کتاب ’’نفحات من سیرۃ اہل بیت علیہم السلام‘‘ کا اردو ترجمہ ہے جو حجۃ الاسلام مولانا سید ضرغام حیدر نقوی دام عزہ کی جانفشانیوں کا ثمرہ ہے۔اس کتاب کو اردو قارئین اور سنت و سیرت معصومین(ع) پر عمل کرنے والوں کے لئے ولایت فاؤنڈیشن دہلی نے شائع کیا ہے۔

ولایت پورٹل: اللہ رب العزت نے اپنے پسندیدہ دین اسلام کو اپنے تمام بندوں تک پہنچانے کے لئے اپنے منتخب بندوں، نبیوں، رسولوں اور رہنماؤں کا ایک طویل سلسلہ جاری کیاجو ابوالبشر حضرت آدم(ع) سے فخر بشریت حضرت خاتم(ص) تک انبیاء و رسل کا سلسلۂ نبوت و رسالت رہا ،اس کے بعد مالک کائنات نے ولایت و امامت کا قیامت تک کا چلنے والا سلسلہ قائم کیا جو بحمد للہ آج بھی حضرت محمد مصطفیٰ(ص) کے نائب برحق حضرت حجت(ع) کے دم سے قائم ہے اور تا قیام قیامت جاری و ساری رہے گا۔
حدیث ثقلین کی رو سے اہل بیت نبوت(ع) قرآن مجید کے ہم پلہ ہیں، وہ قرآن صامت ہے تو یہ قرآن ناطق ہیں، قرآن نور کا پیکر ہے تو اہل بیت قرآن کا جوہر ہیں، قرآن کلام اللہ ہے تو اہل بیت(ع) لسان اللہ ہیں، قرآن کی آیات بینات شفا بخش ہیں تو اہل بیت(ع) کے کلمات طیبات سراسر شفا ہیں، قرآن مداح ہے تو اہل بیت(ع)ممدوح ہیں، قرآن ہدیً للمتقین ہے تو اہل بیت(ع) آئمۂ متقین ہیں، قرآن لوح محفوظ سے آیا ہے تو اہل بیت(ع) لوح محفوظ کا مطالعہ کرنے والے ہیں۔
اہل بیت(ع)، نبی(ص) کی آن بان ہیں، نبی(ص) کی عز و شان ہیں، نبی(ص) کی روح و جان ہیں، اہل بیت(ع) قلزم وحدانیت کا سفینہ ہیں، میزان عدالت کا قرینہ ہیں، تاج نبوت کا نگینہ ہیں، مملکت امامت کا مدینہ ہیں، میدان قیامت میں شفیع یگانہ ہیں، اہل بیت(ع)کا قول نبی(ص) کا قول، ان کی گفتار نبی(ص) کی گفتار، ان کی رفتار نبی(ص) کی رفتار، ان کا خون نبی(ص) کا خون،ان کی جنگ نبی(ص) کی جنگ،ان کی صلح نبی(ص) کی صلح، ان کی ولایت نبی(ص) کی ولایت، ان کی رضایت نبی(ص) کی رضایت، ان کی عداوت نبی(ص) کی عداوت، ان کی محبت نبی(ص) کی محبت اور ان کی ناراضگی نبی(ص) کی ناراضگی ہے۔
نبی اعظم(ص) کے لائے ہوئے دین حنیف کو کفر و شرک کی آندھیوں سے محفوظ رکھنے والے ،نفاق و شقاق کے مہلک مرض سے نجات دلانے والے اور بدعت وضلالت کے تھپیڑوں سے بچانے والے آنحضرت(ص)کے یہی جانشین صادق و نائبین برحق ہیں ۔اگر ان صاحبان عصمت و طہارت کی جانفشانیاں اور لازوال قربانیاں نہ ہوتیں تو دین حق دم توڑ دیتا ہے۔
لہٰذا تمام مسلمانوں پر لازم و واجب ہے کہ ان ذوات مقدسہ کو اپنا امام مانیں، ان کی محبت ومودت کو اپنے لئے فرض قرار دیں نیز ان کے فرمودات و ارشادات اور احکامات و ہدایات پر عمل پیرا ہوں کیوں کہ ان کی سنت و سیرت بالکل رسول اکرم(ص) کی سنت و سیرت ہے جس کی خوشبو سے مشام ایمان معطر ہوتا ہے اور جس کی نورانیت سے قلب ایقان منور رہتا ہے۔
یہ کتاب ’’خوشبوئے حیات ‘‘اہل بیت(ع) کی سیرت کا مجموعہ، فاضل نبیل، عالم جلیل حجۃ الاسلام آقای باقر شریف قرشی دام ظلہ کی عربی کتاب ’’نفحات من سیرۃ اہل بیت علیہم السلام‘‘ کا اردو ترجمہ ہے جو حجۃ الاسلام مولانا سید ضرغام حیدر نقوی دام عزہ کی جانفشانیوں کا ثمرہ ہے۔اس کتاب کو اردو قارئین  اور سنت و سیرت معصومین(ع) پر عمل کرنے والوں کے لئے  ولایت فاؤنڈیشن دہلی نے شائع کیا ہے۔
 


0
شیئر کیجئے:
ہمیں فالو کریں
تازہ ترین