آیت اللہ العظمی سیستانی کا پاپ فرانسس کے خط کا جواب

پوپ فرانسس کے خط کے جواب میں آیت اللہ العظمی سیستانی نے تشدد اور نفرت کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

عراقی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ العظمی سیستانی نے پوپ فرانسس کے حالیہ خط کے جواب میں تشدد اور نفرت کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
آیت اللہ العظمی سیستانی نے کہا کہ میں آپ کے عراق کے تاریخی سفر کی دوسری سالگرہ کے موقع پر آپ کے بھیجے گئے خط اور نجف اشرف میں آپ کے ساتھ ملاقات سے خوش ہوں۔
یہ اہم ملاقات اسلامی اور عیسائی مذاہب کے بہت سے پیروکاروں اور دوسروں کے لیے ان لوگوں کے ساتھ رواداری اور مناسب بقائے باہمی کا اظہار کرنے کی ترغیب تھی جو مذہب اور عقیدے کے لحاظ سے ان سے مختلف ہیں۔
انہوں نے اپنے خط میں ذکر کیا کہ آپ نے اپنے خط میں بعض امور کا ذکر کیا ہے جن پر ہم نے اس اہم ملاقات میں زور دیا تھا جیسے پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے کوششوں کی اہمیت، تشدد اور نفرت کی نفی اور لوگوں کے درمیان دوستی اور اتحاد کی اقدار پیدا کرنا، جو مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان حقوق اور باہمی احترام پر مبنی ہے۔
 آیت اللہ العظمی سیستانی نے کہا کہ میں بھی آپ سے اتفاق کرتا ہوں کہ دنیا کے مختلف حصوں میں مظلوموں کے دفاع کے لیے مزید کوششیں کی جانی چاہئیں۔ زمین کے مشرق اور مغرب کے بہت سے حصوں میں بہت سے لوگوں اور نسلی اور سماجی گروہوں کو ان سانحات کا سامنا کرنا پڑا، جو فکری اور مذہبی ظلم و ستم اور بنیادی آزادیوں کو دبانے اور سماجی انصاف کے فقدان کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ میرے خیال میں یہ ضروری ہے کہ ہر شخص ظلموں کے خاتمے پر زیادہ توجہ دے اور مختلف معاشروں میں انصاف اور امن کے حصول کے لیے اپنی طاقت بھر ہر ممکن کوشش کرے ، اس سے نفرت اور تشدد کے واقعات میں یقیناً کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس دور میں انسانیت کو درپیش بڑے چیلنجوں پر قابو پانے میں اللہ تعالیٰ اور اس کے پیغامات پر ایمان نیز اعلیٰ اخلاقی اقدار کی پاسداری کے ضروری کردار کی نشاندہی کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔
آیت اللہ العظمی سیستانی نے پوپ کے جواب میں خاندان کی حفاظت اور روحانی وسعتوں کی تقویت اور تقویٰ کی پابندی کی طرف اشارہ کیا جو انسانوں کے درجات کو بلند کرتا ہے اور انسانیت کے لیے خدا کی رحمت اور بھلائی کی درخواست کی۔

0
شیئر کیجئے:
ہمیں فالو کریں
تازہ ترین