72عاشورائی کلام

یہ کتاب’’72عاشورائی کلام‘‘محرم و عاشور سے متعلق رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کی 23 برسوں کے دوران تقاریر اور بیانات کا فارسی مجموعہ ہے جس کو ماہرمترجم حجۃ الاسلام مولانا سید نذر امام نقوی صاحب نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود نہایت عرق ریزی کے بعد اردو کا لباس عطا کیا ہے تاکہ اردو داں حضرات بھی رہبر معظم کے محرم و عاشوراورسوگواری وعزاداری سرکار سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام سے متعلق بیانات سے مستفید ہوسکیں۔

ولایت پورٹل: محرم ،قمری سال کا پہلا مہینہ ہے جس میں غم کی ابتداء اس وقت سے ہوئی۔ جب   سن 60 ھ میں کفر و باطل کے سرغنہ ابوسفیان کے پوتے، معاویہ کے بیٹے،یزیدپلید نےایمان و حق کے نمائندہ ابوطالب(ع) کے پوتے کل ایمان کے بیٹے نواسۂ رسول جگر گوشۂ بتول مصداقِ آیۂ تطہیر سے بیعت کا مطالبہ کیا۔ یعنی باطل کے نمائندہ نے حق کے نمائندہ سے بیعت طلب کرلی اور نار نے نور پر اپنا تفوق جتانا چاہا تو حق کے نمائندہ اور نور کے سفیر حضرت شبیر(ع) نے باطل کے مطالبہ کو ٹھکرا کر حق کا پرچم بلند کردیا۔
پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آئمہ معصومین علیہم السلام سے نقل ہونے والی احادیث و روایات میں اس محترم مہینہ سے متعلق نہایت درجہ سفارش ہوئی ہے تاکہ مسلمان، واقعۂ غدیر کی طرح نواسۂ رسول الثقلین اور آپ(ع) کے اصحاب و انصار کی عاشور کے دن ہونے والی لازوال قربانی و شہادت کو طاق نسیاں کے حوالے نہ کردیں، بنی امیہ کی شقاوت و بربریت اور ظلم و ستم طشت از بام ہوتی رہے اور رہتی دنیا تک کراہتی انسانیت اور سسکتی مظلومیت، یزید پلید اور اس کے ہمنواؤں پر لعن و نفرین کرتی رہے نیز شہید نینوا کی یاد دل میں بسائے ہوئے منتقم خون حسینی(ع) کے ظہور پر نور کی منتظر رہے۔
محرم اور عاشور سے متعلق لاتعداد مضامین، مقالے، رسالے اور کتابیں منصّۂ شہود پر آچکی ہیں اور انشاء اللہ قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے بعد پورے ایران میں ایام محرم و صفر میں عقیدت و مودت اور جوش و جذبہ کے ساتھ مظلوم کربلا کی عزاداری و سوگواری اور ان کی یاد کو زندہ کیا جاتا ہے۔ جگہ جگہ سبیلیں خیمے، تعزیے لگائے جاتے ہیں اور امامباڑوں، حسینیوں اور مساجد میں مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں ذاکرین و واعظین اور خطباء کرام فضائل و مصائب سید الشہداء علیہ السلام بیان کرتے ہیں اور پورا ملک عزادار و سوگوار نظر آتا ہے۔
یہ  کتاب’’72عاشورائی کلام‘‘محرم و عاشور سے متعلق رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ السید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کی 23 برسوں کے دوران تقاریر اور بیانات کا فارسی مجموعہ ہے جس کو ماہرمترجم حجۃ الاسلام مولانا سید نذر امام نقوی صاحب نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود نہایت عرق ریزی کے بعد اردو کا لباس عطا کیا ہے تاکہ اردو داں حضرات بھی رہبر معظم کے محرم و عاشوراورسوگواری وعزاداری سرکار سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام سے متعلق بیانات سے مستفید ہوسکیں۔
اس کتاب کو ولایت فائونڈیشن دہلی نے شائع کیا ہے۔
 
0
شیئر کیجئے:
ہمیں فالو کریں
تازہ ترین