Code : 2290 123 Hit

سفر اربعین پر جانے والے زائرین کے لئے کچھ ضروری ہدایات

اے علی، قبر حسین علیہ السلام کی زیارت کرو اور یہ عمل ترک نہ کرنا۔" میں نے عرض کیا:"امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا ثواب کیا ہے؟" آپ نے فرمایا: "جو بھی پیدل حسین علیہ السلام کی زیارت کرے گا خدا ہر قدم پر اس کیلئے ایک نیکی لکھ دے گا اور اس کا ایک گناہ بخش دے گا اور اس کا روحانی درجہ بڑھتا جائے گا۔

ولایت پورٹل: اربعین پر نجف اشرف سے کربلا معلی پیدل جانے  والے زائرین کی خدمت میں چند اہم گزارشات:
علی ابن میمون صائغ امام صادق علیہ السلام سے نقل کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "اے علی، قبر حسین علیہ السلام کی زیارت کرو اور یہ عمل ترک نہ کرنا۔" میں نے عرض کیا:"امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا ثواب کیا ہے؟" آپ نے فرمایا: "جو بھی پیدل حسین علیہ السلام کی زیارت کرے گا خدا ہر قدم پر اس کیلئے ایک نیکی لکھ دے گا اور اس کا ایک گناہ بخش دے گا اور اس کا روحانی درجہ بڑھتا جائے گا؛ جب وہ زیارت کرے گا تو خداوند عالم دو فرشتوں کو اس کے ساتھ لگا دے گا جو اس کی نیکیاں لکھتے رہیں گے؛جب وہ الوداع کرکے واپس جانے لگے گا تو وہ فرشتے اسے کہیں گے: اے ولی خدا! تیرے گناہ بخشے گئے اور تیرا شمار خدا، رسول خدا اور اہلبیت کے ساتھیوں میں ہوگیا ہے۔ خدا کی قسم تو ہر گز جہنم کی آگ نہیں دیکھے گا اور آگ تجھے نہیں دیکھے گی اور تجھے نہیں جلائے گی۔" (کامل الزیارات، صفحہ 134)۔
ان دنوں بہت سے مؤمنین کرام کا موضوع سخن پیادہ روی اربعین حسینی ہے اور بہت سے زائرین تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔جیسا کہ تمام مؤمنین اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اربعین حسینی سے مراد امام حسین (ع) اور آپ (ع) کے اصحاب باوفا کی شہادت کا چالیسواں دن ہے جو ہر سال 20 صفر کو منایا جاتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق میں موجود مقامات مقدسہ کی زیارت کی غرض سے ان دونوں ملکوں کا سفر کرنے والے زائرین سے گزارش ہے کہ مندرجہ ذیل ہدایات پر ضرورعمل کریں:
1-اپنے ملک کا پرچم اپنے ساتھ رکھیں جس کے بہت سارے فوائد ہیں من جملہ دنیا جان جائے گی کہ آپ کے ملک میں شیعیان حیدر کرار کی کتنی بڑی تعداد موجود ہے۔
2-کاروان کا کارڈ ساتھ رکھیں۔ کارڈ نہ ہونے کی صورت میں اپنے قافلہ سالار کا( پاکستان یا ہندوستان ایران اورعراق) کا فون نمبر ضرور ساتھ رکھیں۔
3-ہوٹل کا کارڈ ساتھ رکھنا مت بھولئے
4-اپنی ضروری ادویات ساتھ رکھیں۔
5-موبائل ضرور ساتھ رکھیں اور ایران عراق میں بھی سم کارڈ خرید لیں تاکہ بوقت ضرورت کام آسکے۔
6-غیر رجسٹرڈ قافلہ سالاروں کے ساتھ سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
7-ایران اور عراق کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں، خلاف ورزی کی صورت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
8-سفر کے دوران پاسپورٹ اور پیسوں کا خاص خیال رکھیں؛ پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں اپنے ملک ایمبیسی یا قونصل خانے سے رجوع کریں۔
9-تمام زائرین اس بات کا خیال رکھیں کہ عراقی اور خاص کر ایرانی ماحول میں شہر کی شاہراہوں پر چپل پہن کر گھومنا پسند نہیں کیا جاتا ہے؛ بند جوتے پہننے سے آپ کے پاؤں بھی محفوظ رہیں گے؛ بس رہائشگاہ پہنچ کر جرابیں دھونا مت بھولئے گا۔
10-خواتین زائرین جرابیں لازمی پہنیں۔
11- روپے کے بجائے اپنے ساتھ امریکی ڈالر رکھیں؛ اس سے آپ کو زیادہ فائدہ ہوگا۔
12- ایرانی اورعراقی سرحدی حکام سے خوش اسلوبی سے پیش آنے کی بھرپور کوشش کریں۔
13- صفائی کا خاص خیال رکھیں؛ ہوٹل چھوڑنے سے پہلے برتن اور کمرہ صاف کریں۔
نجف سے کربلا کے سفر کے لئے خصوصی ہدایات:
1۔اپنے ساتھ مفاتیح الجنان یا کوئی بھی دعاؤں کی کتاب ضرور رکھیں۔
2۔اپنے ساتھ سامان کم رکھیں، موبائل ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔
3۔راستے میں زیادہ کھانے سے اجتناب کریں۔
4۔اپنے ساتھیوں کا خیال رکھیں،پیلر نمبر یاد رکھیں، ایک دوسرے سے بچھڑنے کی صورت میں اگلے پیلر پر انتظار کریں۔
5۔ہر دوگھنٹے پیدل چلنے کے بعد 20 منٹ آرام کریں۔
6۔راستے میں زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی کوشش کریں۔
7۔غیرمعیاری کھانوں سے اجتناب کریں۔
8۔کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں۔
9۔ہر کاروان ایک خاص علامت قومی پرچم کے ساتھ رکھیں، تاکہ زائرین کو اپنا کاروان پہچاننے میں مدد مل سکے۔

تحریر: غلام مرتضی جعفری

 


0
شیئر کیجئے:
फॉलो अस
नवीनतम